Benefits of surah ikhlas - surah ikhlas ki fazeelat Ahdees ki roshni mein - سورۂ اخلاص کی فضیلت سے متعلق چند احادیث درج ذیل ہیں :
سورۂ اخلاص کی فضیلت سے متعلق چند احادیث درج ذیل ہیں :
سنن ترمذی میں ہے کہ : ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سےعرض کیاکہ میں سورۂ اخلا ص سے محبت کرتاہوں تو آپ ﷺ نے فرمایاکہ اس کی محبت تجھے جنت لے جائے گی۔
نیز ایک شخص نے کسی کواس سورت کوپڑھتے ہوئے رات کے وقت سناکہ وہ بارباراسی کودہرارہاہے ۔صبح کے وقت آکراس نے حضور ﷺ سے ذکرکیا، گویاکہ وہ اسے ہلکے ثواب کاکام جانتاتھا،تونبی ﷺ نے فرمایا:اس کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، یہ سورت ایک تہائی قرآن کے برابر ہے۔
مسند احمد کی روایت میں ہے کہ حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: کیا تم میں سے کسی کو اس کی طاقت ہے کہ وہ ہر رات تیسرا حصہ قرآن کا پڑھ لیا کرے؟ صحابہ کہنے لگے یہ کس سے ہو سکے گا ؟ آپ نے فرمایا: سنو ، قل ھو اللّٰه أحد ...الخ، تہائی قرآن کے برابر ہے، اتنے میں رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بھی تشریف لے آئے، آپ ﷺ نے سن کر فرمایا: ابو ایوب سچ کہتے ہیں۔ (مسند احمد)
سن ترمذی میں ہے کہ : رسول مقبول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے صحابہ سے فرمایا: جمع ہوجاؤ! میں تمہیں آج ایک تہائی قرآن سناؤں گا، لوگ جمع ہو کر بیٹھ گئے آپ گھر سے تشریف لائے اور سورۂ قل ھو اللّٰه أحدالخ، تلاوت فرمائی اور پھر گھر تشریف لے گئے، اب صحابہ میں باتیں ہونے لگیں کہ وعدہ تو حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا یہ تھا کہ تہائی قرآن سنائیں گے ، شاید آسمان سے کوئی وحی آگئی ہو۔ اتنے میں آپ ﷺ پھر واپس تشریف لائے اور فرمایا: میں نے تم سے تہائی قرآن سنانے کا وعدہ کیا تھا، سنو یہ سورت تہائی قرآن کے برابر ہے۔
حضرت ابو الدرداء (رض) کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کیا تم اس سے عاجز ہو کہ ہر دن تہائی قرآن شریف پڑھ لیا کرو؟ لوگوں نے کہا: حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہم اس سے بہت عاجز اور بہت ضعیف ہیں، آپ ﷺ نے فرمایا : سنو ! اللہ تعالیٰ نے قرآن کے تین حصے کیے ہیں، قل ھو اللّٰه أحد الخ، تیسرا حصہ ہے۔ (مسلم، نسائی )
مسند احمد کی ایک روایت میں ہے کہ : رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) فرماتے ہیں: جو شخص اس پوری سورت کو دس مرتبہ پڑھ لے گا اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں ایک محل تعمیر کرے گا۔ اس پر حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا: یا رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پھر تو ہم بہت سے محل بنوا لیں گے، آپ ﷺ نے فرمایا: اللہ اس سے بھی زیادہ اور اس سے بھی اچھے (محلات) دینے والا ہے۔
نیز مسنداحمدمیں ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے: جوشخص اس سورت کودس مرتبہ پڑھ لے گاتواللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں ایک محل تعمیرکرے گا۔
ابویعلیٰ کی ایک حدیث میں ہے کہ: جوشخص اس سورت کوپچاس مرتبہ پڑھ لے تواس کے پچاس سال کے گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔
حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ کی روایت میں سورۂ اخلاص کو آدھے یا ایک تہائی قرآن کے برابر قرار دیا گیا ہے۔
Comments
Post a Comment